انٹرنیشنل
بھارت کی جوہری توسیع کی کوششوں سے علاقائی سلامتی کوخطرہ ہے، پاکستان
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں مباحثہ سے خطاب کے دوران کہا کہ جوہری صلاحیتوں میں اضافے کی کوششوں سے ہتھیاروں کی نئی دوڑشروع ہوگی، جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑتخفیف اسلحہ کی کوششوں کیلئے دھچکا ہوگی، کچھ ایٹمی ریاستوں سے امتیازی برتاؤتخفیف اسلحہ کی کوششوں کیلئے چیلنج ہے، نیوکلیئرسپلائرگروپ کی رکنیت کے لیے امتیازنہ برتا جائے اورپاکستان نیوکلیئرسپلائرگروپ میں شمولیت کی اہلیت رکھتا ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کی جوہری توسیع کی کوششوں سے علاقائی سلامتی کوخطرہ ہے جب کہ غیر ریاستی عناصر کی وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں تک رسائی روکنا ہوگی جب کہ پاکستان دوسرے ممالک کی جوہری سکیورٹی کیلئے استعداد بڑھانے میں مدد کو تیارہے۔