کھیل

بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دئے دی

برمنگھم / 04جون2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا،بارش کے باعث گرین شرٹس کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 41 اوورز میں 289 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 33.4 اوورز میں 164 رنز پر آئوٹ، اظہر علی 50 رنز بنا کر نمایاں، شرما، دھون، کوہلی اور یووراج کی نصف سنچریاں، یووراج سنگھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

برمنگھم ۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں روہت شرما، ویرات کوہلی، شیکھر دھون اور یووراج سنگھ کی شاندار بلے بازی کے بعد بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا، بارش کی وجہ سے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 41 اوورز میں 289 رنز کا ہدف ملا، گرین شرٹس مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 33.4 اوورز میں 164 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، اظہر علی کے سوا گرین شرٹس کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی سورمائوں کے بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، اظہر علی 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، میچ میں پاکستان کی بیٹنگ چلی اور نہ بائولنگ، فیلڈنگ بھی بدترین رہی جس کا حریف ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور فتح اپنے نام کی۔
روہت شرما نے 91، ویرات کوہلی نے 81، شیکھر دھون نے 68 اور یووراج سنگھ نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ یووراج سنگھ کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو ایجبیسٹن، برمنگھم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا، بھارتی ٹیم نے اننگز شروع کی تو وقفے وقفے سے بارش کی بھی آنکھ مچولی شروع ہو گئی، کئی بار میچ کو روکا گیا، روہت شرما اور شیکھر دھون نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 136 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، دونوں اوپنرز نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے بائولرز کا مقابلہ کیا اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، 136 کے سکور پر دھون 68 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے میدان سنبھالا، 192 کے سکور پر شرما 91 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، شرما کے آئوٹ ہونے کے بعد یووراج سنگھ اور کوہلی نے گرین شرٹس کے بائولرز کی خوب دھنائی کی اور تیسری وکٹ میں 93 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، 285 کے مجموعی سکور پر یووراج سنگھ 53 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس کے بعد کوہلی اور پانڈیا نے ملک کر سکور 48 اوورز میں 319 تک پہنچا دیا، بارش کی وجہ سے میچ کو 48 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 324 رنز کا ہدف ملا، حسن علی اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو پانچویں اوور کے دوران دوبارہ بارش شروع ہو گئی تو میچ کو روک دیا گیا، یہاں پر دوبارہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت گرین شرٹس کو 41 اوورز میں 289 رنز کا ہدف ملا، گرین شرٹس مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 164 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، اظہر علی اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 47 رنز کا آغاز فراہم کیا، شہزاد 12 رنز بنا کر بھنشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، 61 کے سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب بابراعظم 8 رنز بنا کر اومیش یادیو کی گیند کا نشانہ بنے، 91 کے سکور پر گرین شرٹس کی تیسری وکٹ گری جب اظہر علی جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 50 رنز بنانے کے بعد جدیجہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 114 کے سکور پر شعیب ملک 15 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے جس کے بعد گرین شرٹس پر دبائو مزید بڑھ گیا، محمد حفیظ بھی متاثرکن اور بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 33 رنز بنا کر جدیجہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، عماد وسیم کا بھی بلا نہ چل سکا اور بغیر کوئی رن بنائے پانڈیا کی گیند کا شکار بنے، 151 کے سکور پر پاکستان کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب کپتان سرفراز احمد 15 رنز بنانے کے بعد پانڈیا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 33.4 اوورز میں 164 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، محمد عامر 9 اور حسن علی صفر پر آئوٹ ہوئے، وہاب ریاض انجری کے باعث بیٹنگ کیلئے نہ آ سکے، اسطرح بھارت نے میچ 124 رنز سے جیت لیا، اومیش یادیو نے 3 جبکہ ہرڈک پانڈیا اور روندرا جدیجہ نے 2، 2 اور بھنشور کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button