بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنےکی تیاریاں شروع کر دیں نے اہم اجلاس بلالیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) سفارتی سطح پر دنیا بھر میں شکست کے بعد بھارت بوکھلاہٹ میں اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا پانی بند کرنے کے حوالے سے غور کے لئے اہم اجلاس آج طلب کرلیا ہے، سندھ طاس معاہدہ ختم کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے پانی کی بندش کے حوالے سے غور ہوگا، دونوں ملکوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے لئے ہونے والا سندھ طاس معاہدہ منسوخ کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت پر غور کشمیر میں بربریت کے حوالے سے پاکستان کی عالمی سطح پر مہم کے بعد سامنے آیا ہے۔ اقوام متحدہ میں وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کے بعد بھارت کو سفارتی سطح پر سخت ہزیمت کا سامنا ہے۔