بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے- وزیر اعظم

(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، خطے کی ترقی کیلئے سارک کو فعال بنانا لازمی ہے ،نئی دہلی نے سارک کے منشور کے منافی کام کیا اور سارک فورم کے مقصد کو نقصان پہنچایا ہے ۔مالدیپ کے قومی دن پر بطور مہمان خصوصی شرکت پر فخر محسوس کرتا ہوں اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات لے کر آیا ہوں، پاکستان مالدیپ میں میڈیکل کالج کی تعمیر میں تعاون کرے گا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی درجنوں یاداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔
مالے میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالدیپ کے قومی دن کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی آمد پر نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے، بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جانا میرے لئے باعث فخر ہے، ہم مالدیپ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعاگو ہیں، مالدیپ کے صدر اسلام آباد میں سارک اجلاس کے انعقاد کے حامی ہیں،انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیل، صحت، تعلیم اور انسدادِ منشیات میں تعاون جاری رہے گا، دونوں ملکوں کے ورکنگ گروپس کی چار ذیلی کمیٹیاں بھی کام کر رہی ہیں، دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے مشترکہ بزنس گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں، پاکستان مالدیپ میں میڈیکل کالج کے قیام میں تعاون کرے گا، پاکستان کے عوام مالدیپ کے عوام کیلئے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد نوازشریف اور مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے مذاکرات وزیراعظم کی معاونت مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سینیٹر پرویز رشید، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر اور دیگر اعلیٰ حکام نے کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو باہمی عزت و احترام اور حقوق کے تحفظ پر قائم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت، تجارتی فروغ، اعلیٰ تعلیم اور انسانی وسائل کے شعبوں میں استعداد کار کے حوالے سے باہمی مفادات کی کئی یادداشتوں پر کئے جانے والے دستخطوں سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ دونوں ممالک کی دو طرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے جو اس وقت اپنی استعداد سے کم ہے۔
وزیر اعظم کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان مالدیپ مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام سے نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ مختلف شعبوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے دفاع، صحت، تعلیم، کھیلوں، ماہی گیری، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے امکانات پر بھی خصوصی طور پر روشنی ڈالی۔ دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا کہ سارک کا پلیٹ فارم جنوبی ایشیا کے ممالک کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور اقتصادی و تجارتی ماحول کی بہتری کیلئے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف مالدیپ کے قومی دن کے موقع پر 3روزہ دورے پر مالے میں موجود ہیں جہاں وہ تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے جبکہ مالدیپ آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں