بھارت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو بات چیت ہوگی:سید علی گیلانی
سرینگر(اے این این ) کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیئر مین سید علی گیلانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اتحاد ملت کو مضبوط سے مضبوط تر بناکر مسلکی منافرت پھیلانے والے نیم ملاوں کی ریشہ دوانیوں سے ہوشیار رہتے ہوئے ملی اتحاد کو مضبوط بنائیں۔
سرینگر میڈیا کے مطابق سمینار سے خطاب کرتے ہوئے علی گیلانی کا کہناتھا کہ ہم نے کئی برس قبل مذاکرات کے لئے 5 نکاتی فارمولہ پیش کیا تھا، جس کا بنیادی نکتہ مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرنا ہے۔ ہم کبھی بھی بات چیت کے مخالف نہیں ہیں لیکن یہ پوچھنے میں ہم حق بجانب ہیں کہ آج تک 150مرتبہ کے قریب دوطرفہ مذاکرات صرف فوٹو سیشن کے ساتھ ہی بے سود ثابت ہوئے ، لہذا بھارت اگر مذاکرات کے لئے سنجیدہ ہے تو اسے کشمیر کی متنازعہ حیثیت قبول کرتے ہوئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ حریت رہنما نے جنگ کی ہولناک تباہیوں سے نجات کی دعا مانگتے ہوئے کہا کہ ہمیں جنگ کے ساتھ کوئی محبت نہیں ہے،جنگ برصغیر کی وسیع تر تباہیوں کی باعث ہوسکتی ہے، لہذا بامقصد مذاکرات کے لئے اگر بھارت اپنی سنجیدگی کا اظہار کرے تو ہمیں مذاکرات کے میز پر آنے میں دیر نہیں لگے گی۔