بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان آ رہی ہے؟ اہم خبر
اکتوبر 1, 2024
بھارت
چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے بھارتی ٹیم میگا ایونٹ کھیلنے آ رہی ہے یا نہیں اس حوالے سے بی سی سی آئی کا نیا بیان سامنے آیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 آئندہ سال فروری، مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے اس میں میزبان سمیت 8 ٹیمیں شریک ہیں اور سوائے بھارت کے تمام ملکوں نے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان آنے کی تصدیق کر دی ہے۔ اب جب کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں صرف 5 ماہ کا عرصہ باقی رہ گیا ہے لیکن پڑوسی ملک بھارت کی پاکستان آمد اب تک معمہ بنی ہوئی ہے۔
بلیو شرٹس کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایک اور نیا موقف سامنے آیا ہے جس میں بورڈ حکام نے اسی پرانی بات کو دُہرایا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے کا فیصلہ حکومتی منظوری سے ہوگا۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے گزشتہ روز بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کانپور ٹیسٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیمپئنز ٹرافی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لےی ٹیم کے پاکستان جانے کا فیصلہ حکومتی منظوری سے ہی ہوگا تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
راجیو شکلا نے مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی دوروں کے لیے ہمیشہ حکومت سے اجازت لیتے ہیں۔ اب یہ حکومت پر منحصر ہے وہ فیصلہ کرے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان جانا چاہیے یا نہیں، حکومت کا جو بھی فیصلہ ہوگا ہم اس کی پاسداری کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم نے 2008 ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے جب کہ 2013 کے ون ڈے سیریز کے لیے دورہ پاکستان کے بعد کوئی باہمی سیریز بھی نہیں ہوئی ہے۔
پاکستان نے اس دوران آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2011، 2023 کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کیا لیکن پڑوسی ملک نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف گزشتہ سال پاکستان کے زیر میزبانی ایشیا کپ ٹورنامنٹ کو سبوتاژ کیا بلکہ اب وہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھی یہی ہتھکنڈے استعمال کرنا چاہتا ہے۔