ایڈیٹرکاانتخاب

بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے پاکستان پر الزامات،چین دفاع میں آگیا

بیجنگ(نیوز وی او سی آن لائن)چین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامات پر پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے جواب دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردوں کی فیکٹری قرار دینے اور دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نہ صرف سراہنا چاہیے بلکہ اس کے خاتمے کے لیے تعاون بھی کرنا چاہیے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چیونگ نے کہا کہ دہشت گردی ایک دشمن ہے جس کا سب کو سامنا ہے،عالمی برادری کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل جل کرکام کرنا چاہیے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کی ستائش کی جائے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد میں اپنا حصہ شامل کرنا چاہیے۔
شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے آئندہ ہفتے اجلاس سے متعلق ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی اور اس سے متعلقہ امور کو ایجنڈے میں ترجیح دی جائے گی، جب سے ایس سی او کا قیام عمل میں آیا ہے سیکیورٹی اس کا نصب العین رہا ہے اور جب آئندہ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے اعظم بیٹھیں گے تو سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ لندن میں ایک تقریب کے دوران نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان پر دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا تھا بلکہ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا دعویٰ بھی کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button