بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پربلا اشتعال فائرنگ، آئی ایس پی آر
راولپنڈی:(نیوز وی او سی آن لائن ) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے قریب ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کی بندوقیں خاموش کرادی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے قریب خنجر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے ردعمل میں بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے آج دوپہر کے وقت فائرنگ کی گئی جس میں آر پی جی 7 اور اے جی ایل کی گنوں کا استعمال کیا گیا جب کہ پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں۔
واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی مسلسل اشتعال انگیزی کی وجہ سے اب تک کئی عام شہری شہید جب کہ درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔