بھارتی فوج کا مجاہدین کا تعاقب جاری رکھنے کا اعلان

آپریشن جاری، عسکریت پسندی کا صفایا کر کے دم لیں گے ، کور کمانڈر ایس ساندھو
پیشہ ورانہ انداز میں کام نہ کرنے والے فوجیوں کے خلاف کارروائی کریں گے ،گفتگو سرینگر (خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مجاہدین کا تعاقب جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی کی صورت حال میں لگا تار بہتری آرہی ہے ، 15 ویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جے ایس ساندھو نے کہا کہ کشمیر کے حالات پر وہ بے فکر ہیں، فوج نے دعویٰ کیا کہ کشمیر میں صورتحال نہ ہی پرخطر ہے اور نہ ہی قابو سے باہر، جبکہ فوج نے جو احاطہ کیا ہے اس سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ صورت حال میں بہتری آرہی ہے اور حالات مزید بہتر ہوں گے ۔ رنگریٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جنرل جے ایس ساندھو نے کہا کہ حقیقت میں ہمارا احاطہ یہ بیان کرتا ہے کہ کشمیر میں صورتحال میں بہتری آئے گی ۔ لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ عسکریت پسندوں کا خاتمہ کرنے کیلئے پکڑو، مارو اور صفایاکرو کی پالیسی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی، جہاں یہ الزامات درست ہوں گے کہ فوجی اہلکار پیشہ ورانہ انداز میں کام نہیں کرتے ۔