ایڈیٹرکاانتخاب

بھارتی خاتون سفارت کار پاکستان کی جاسوسہ قرار

نئی دہلی: بھارتی عدالت نے اپنے ملک کی سفارت کار مادھوری گپتا کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو اہم معلومات فراہم کرنے کے مقدمے میں مجرم قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی سفارت کار مادھوری گپتا کے خلاف اہم ملکی معلومات کو افشا کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مادھوری گپتا کو آئین کے سیکشن 3 کی دفعہ 1 سی اور سیکشن 5 کے تحت مجرم قرار دے دیا۔ اس جرم میں زیادہ سے زیادہ سزا 3 سال قید ہے۔ عدالت ملزمہ کی سزا کی مدت سے متعلق اپنا فیصلہ جلد جاری کرے گی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمہ کے ای میل سے حاصل ہونے والی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے کسی بہت خفیہ راز کو تو پڑوسی ملک کے خفیہ ادارے کے اہلکاروں کے سامنے افشا نہیں کیا البتہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ملزمہ نے اپنے فرائض میں کوتاہی برتی اور اہم معلومات حریف ملک کو فراہم کیں جس سے بھارتی سفارت کاروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
واضح رہے مادھوری گپتا کو 2010 میں پاکستان میں بھارتی سفارت خانے میں سیکنڈ سیکریٹری پریس و انفارمیشن تعینات کیا گیا تھا ۔ اُسی سال 22 اپریل 2010 کو انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ان پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں مبشر رانا اور جمشید کو ای میل کے ذریعے اہم ملکی معلومات فراہم کرنے کے الزامات تھے۔ ملزمہ نے یہ جرم پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکار جمشید کے محبت میں گرفتار ہونے کے بعد کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button