بھارتی جنگی جنون اور عزائم سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ‘ ذکراللہ مجاہد
لاہور 1 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے سے وادی میں ظلم و ستم کی انتہا ہو گی ہے بھر پور مذمت کرتے ہیں‘ امیر جماعت اسلامی لاہور
امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون اور عزائم سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیںاور بھارتی قیادت خطے کے امن کو تباہی کی طرف لے جانے کی خواہش مند ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بھارت میں بہت سے لوگ نریندرمودی کی سیاست کا ماتم کر رہے ہیں اور نریندر مودی کا ایجنڈا محض پاکستان دشمنی نہیں بلکہ مسلم دشمنی بھی ہے اور اب یہ مسئلہ محض مسلمانوں تک محدود نہیں رہا بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی بھارتی جارحیت اور جنونیت کاشکار ہو رہے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ امریکہ کو بھارت اور پاکستان کے لئے مساوی رویہ اختیار کرنا پڑے گا۔ امریکہ اپنے استعماری ٹولے سمیت شام میں القاعدہ اور داعش کے جنگجوؤں پر فضائی حملے کر سکتاہے تو پاکستان بھی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے خلاف برسرِپیکار حریت پسندوں کی اعانت کر سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک اور قوتوں پر یہ واضح کر دیا جائے کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے بلکہ اس نے ناجائز اور غیر قانونی طور پر اس پر قبضہ کر رکھاہے اور کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی کر رہاہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔
لہذا بین الاقوامی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ مظلوموں کی مدد کرے اور ظالم کو روکیں اور پاکستانی کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ملکی دفاعی تیاریوں کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہیے اور عالمی برادری کو بھارت کے ناپاک عزائم سے آگاہ کرنا چاہیے ۔