بھارتی اداکارہ ممتا کلکرنی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
ممبئی: بھارتی عدالت نے ماضی کی سپرہٹ اداکارہ ممتا کلکرنی اور ان کے شوہر بین الاقوامی اسمگلر وکی گوسوامی کے منشیات اسمگلنگ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔
90 کی دہائی کی بولڈ اداکارہ ممتا کلکرنی فلمی دنیا سے دور ہیں لیکن انڈر ورلڈ کے حوالے سے ہمیشہ سے ہی خبروں میں رہتی ہیں جب کہ گزشتہ سال مہارشٹرا پولیس نے سولہ پور کی فیکٹری سے 18.5 ٹن سے زائد 2200 کروڑ(22 ارب) مالیت کی منشیات برآمد کی تھی جس کے بعد پولیس نے اداکارہ کی تلاش شروع کردی تھی اور اب اسی کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی مقامی عدالت نے ایفیڈرین کیس میں اداکارہ ممتا کلکرنی اور ان کے شوہر بین الاقوامی اسمگلر وکی گوسوامی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں جس کے بعد پولیس نے دونوں کی گرفتاری کے لیے انٹر پول سے رابطے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ اسی کیس میں اداکارہ ویڈیو بیان کے ذریعے خود کو بے گناہ قرار دے چکی ہیں۔
واضح رہے کہ 2014 میں اداکارہ ممتا کلکرنی اور ان کے شوہر وکی گو سوامی کو کینیا کی پولیس اور امریکی انسداد منشیات ایجنسی نے حراست میں لیا تھا۔