بگ باس سے باہر نکالے جانے کے بعد اداکارہ پریانکا کی قسمت کھل گئ
ممبئی (نیوز وی او سی آن لائن) بھارت کے معروف رئیلٹی شو بگ باس سے نکالی جانے والی پریانکا جگا کی قسمت کھل گئی ہے اور انہیں فلم میں کام کرنے کا موقع مل گیا ہے جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک جاری ایک پوسٹ میں کیا۔
تفصیلات کے مطابق پریانکا جگا سلمان خان کے رئیلٹی شو بگ باس 10 میں شامل تھیں اور اسی پروگرام میں موجود سوامی اوم کی نام نہاد بیٹی بنی ہوئی تھیں۔ پروگرام کے میزبان سلمان خان نے دونوں ”باپ، بیٹی“ کو بگ باس کے گھر سے نکال دیا اور بعد ازاں انتظامیہ نے بھی انہیں فارغ کر دیا۔
پریانکا جگا کے ’خشک‘ تبصروں نے سلمان خان کو اتنا مشتعل کیا کہ انہوں نے اسی وقت بڑے آرام سے پریانکا کو شو سے جانے کا کہہ دیا۔ سلمان خان ان کے غیر سنجیدہ روئیے سے اتنے تنگ آئے کہ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ اگر چینل انتظامیہ انہیں واپس شو میں لے کر آئی تو وہ میزبانی چھوڑ دیں گے۔
لگتا ہے کہ پریانکا کا ”چھچھورا پن“ ان کی قسمت کھولنے کا باعث بن گیا ہے اور انہیں بالی ووڈ میں فلم بھی دلا دی ہے جس پر وہ خوشی سے پھولے نہیں سما رہی ہیں۔ انہوں نے فیس بک پر پوسٹ کئے گئے بیان میں کہا کہ ” ریڈی ٹو راک۔۔۔ میں بہت خوش قسمت ہوں۔ جلد بڑی سکرین پر جلوہ گر ہو رہی ہوں۔ پروڈیوسر اندر کمار سر اور ڈائریکٹر رادھے موہن جی کا بہت بہت شکریہ۔ “