بچوں کیلیے کیریئر کی قربانی نہیں دی، کاجول

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کے لیے کیریئر کی قربانی نہیں دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کاجول نے اپنے کیرئیر اور بچوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچے کبھی بھی میرے کیرئیر کے آڑے نہیں آئے اور نہ ہی میں نے اپنے بچوں کیلیے کیریئر کی قربانی دی۔ میں بچوں سے بے حد محبت کرتی ہوں اور مرتے دم تک محبت کرتی رہوں گی۔ انہوں نے روایتی ماؤں کے برخلاف اپنے دونوں بچوں نائیسا اور یگ کے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور اجے بچوں پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے بجائے انہیں اپنے کیرئیر کا انتخاب کرنے کا بھرپور موقع دیں گے۔
تامل فلم میں کام کرنے کے حوالے سے کاجول کا کہنا تھا کہ ایک ایسی فلم میں کام کرنا جس کی زبان سے آپ ناواقف ہوں بہت مشکل ہوتا ہے، تاہم میں نے فلم کیلئے تامل جیسی مشکل زبان سیکھی اور اب میں اتنی ماہر ہوگئی ہوں کہ چینی زبان سیکھ کر اس میں بھی فلمیں کرسکتی ہوں
واضح رہے کہ اداکارہ کاجول 2015 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’’دل والے‘‘ میں نظر آئی تھیں فلم تو باکس آفس پر کامیاب ہوگئی تھی لیکن تجزیہ نگاروں نے فلم کی کہانی کوشدید تنقید کا نشانہ بنایاتھا، جس پر کاجول نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ آئندہ مخصوص اور بہترین کہانی والی فلموں میں ہی کام کریں گی، لہٰذا کاجول اب تامل فلم ’’وی آئی پی 2‘‘ میں مرکزی کردار میں نظر آئیں، فلم کی کہانی ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور ہے جسے رواں ماہ 28 جولائی کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔