ڈیرہ اللہ یار (این این آئی) سابق وزیر اعظیم میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ ساری زندگی اپوزیشن میں گزاری ، 2013میں حکومت کیساتھ بیٹھ کر میں بہت پچھتایا۔ عمران خان مجھ سے بہت عرصہ جونیئر ہیں ،میں پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہورہا بچوں کو شامل ہونے کی اجازت دی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار میں نامزدگی فارم جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بلوچستان کو پٹھا نستان بنا دیا اور پٹھانوں کے فیصلے بلوچوں پر رائج کئے ، میں نے نواز شریف کو کہا تھا کہ جن کے بڑوں نے پاکستان کی مخالف کی ہم ان کے ساتھ ایک لائن میں نہیں چل سکتے ہیں ، نواز شریف نے مجھے سے اختلاف کیا مگر میں نے خاموشی اختیار کر انھیں 2015میں مشورہ دیا تھا کہ اپنی ٹیم تبدیل کریں ورنہ 2017میں آپ نہیں چل سکیں گے مگر انہوں نے میری بات نہیں مانی ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج تک کوئی الیکشن شفاف نہیں ہوا ، جنرل یحییٰ کے دور میں مری اور بگٹی کے علاقے میں 66ہزار آبادی جبکہ ووٹ 1لاکھ 21ہزار کاسٹ ہوئے تمام الیکشن میں جعلی ووٹوں کے اندراج کروائے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کی باتیں شوشاہیں ہیں میاں صاحب بتائیں خلائی مخلوق کونسی ہے جس سے وہ تنگ ہیں۔