بورے والا میں مرد سے مرد کا نکاح پڑھا گیا شہری نے واقعہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دے دی
بورے والا 30 ستمبر
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
بورے والا میں ایک انوکھی شادی کا اہتمام ہوا جس میں مرد کا نکاح کسی عورت کی بجائے ایک دوسرے مرد سے پڑھا گیا ۔واقعہ کیخلاف تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لیے شہری نے درخواست دائر کر دی ۔تفصیلات کے مطابق بورے والا کے رہائشی طارق نے اعلیٰ حکام کو درخواست میں مو قف اختیار کیا ہے کہ نکاح خواں حافظ نذیر احمد نے تھانہ سٹی کی حدود میں 10مئی 2013کو ڈاکٹر محمد دین کا نکاح بطور دولہا ذو الفقار علی سے بطور دلہن پڑھا دیا ۔
نکاح نامہ پر دونوں مردوں نے بطور دولہا اور دلہن انگو ٹھے بھی ثبت کئے۔ حق مہر 25سو روپے بھی مقرر کئے گئے۔ طارق محمو د نے دی گئی درخواست میں مزید کہا کہ مرد کا مرد سے نکاح کر وا کر اسے رجسٹرڈ کر نا قرآن سنت کے خلاف فعل ہے۔چار سال گزر جانے کے باوجود نکاح کو منسوخ بھی نہیں کیاگیا۔ جب مر دکے مر د کے ساتھ رجسٹرڈ نکاح کے بارے میں مقامی پولیس اور متعلقہ حکام سے را بطہ کیا گیا تو کوئی کاروائی نہ کی گئی ۔ طارق محمود نے وکیل کے توسط سے دائر کر دہ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تمام ذمہ داران کے خلاف مقدمہ کا اندراج کیا جائے۔ عدالت نے طارق محمود کی درخواست پر جوابدہی کے لئے ڈی پی او کو اگلی پیشی پر عدالت میں طلب کر لیا ۔