بلیک لا ءڈکشنری میں”اثاثے“کی وہ تعریف موجود ہی نہیں جس کے تحت نوازشریف کو نکالا گیا:دانیال عزیز
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تعریف میں بلیک لا ڈکشنری کا سہارا لیا گیا اس میں اثاثوں کی وہ تعریف ہی نہیں جس کے تحت نواز شریف کو نااہل کیا گیا،سپریم کورٹ کے فیصلے میں” اکاﺅنٹس ریسیوایبل“ اور ”ریسیوایبل“ کو الگ ،الگ پیش کیا گیا ،جس کے بعد اس کے معنی ہی تبدیل ہو گئے۔اثاثے کی تعریف کیس کا اہم جزو ہے،بلیک لاڈکشنری کے کسی بھی ایڈیشن میں لفظ اثاثے کا کوئی مفہوم درج نہیں ہے جو سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کا کہنا تھا بلیک لاءڈکشنری عدالتی فیصلوں کی تفہیم میں مدد کرتی ہے،لیکن اس کیس میں دو لفظوں کو توڑ کر تشریح کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی نظرثانی درخواست کافیصلہ آنے سے قبل ہی فرد جرم عائد کر دی گئی،اس کیس کوپاناما نہیں اقامہ کیس کہنا چاہیے۔دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ اداروں کی توہین کا سوچا بھی نہیں جاسکتا،مجھے پاکستان کے اداروں کو تقویت دینے کے لیے تمغے بھی ملے،پاکستان میں عدالتوں کو مضبوط کرنے کی جنگ لڑی،اداروں کومضبوط بنانے کا مجھے تمغہ ملاہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایم این اے اور شہری ہونے کے ساتھ ہمارے کچھ حقوق بھی ہیں،ایک بہت بڑی غلطی ہوچکی جس کی زد میں پورا پاکستان آیا۔دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔