بلاول کی جوانی اور میرا تجربہ پارٹی کو پھر اقتدار میں لائے گا، آصف زرداری
لاہور: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو كی جوانی اور میرا تجربہ ایك نئی طاقت پیدا كرے گا جو پارٹی كو پھر سے ایوان اقتدار میں لے جائے گا۔
بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژن كے عہدیداروں، ٹكٹ ہولڈرز اوركاركنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ چارسالہ مفاہمت كا دور ختم ہوا، اب جارحانہ سیاست ہوگی، تمام پارٹی عہدیداروں، كاركنوں اور جیالوں كو كھلی اجازت ہے كہ وہ پارٹی پر تنقید كرنے والوں كو منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے كہا كہ بلاول بھٹو پارٹی كے با اختیارچیرمین ہیں اس لیے وہی قیادت كریں گے، بلاول بھٹو كی جوانی اور میرا تجربہ ایك نئی طاقت پیدا کرے گا جوپارٹی كو پھر سے ایوان اقتدار میں لے جائے گا۔
آصف زرداری نے کہا کہ 2013 كے الیكشن میں پیپلز پارٹی كو ایك سازشی منصوبے كے تحت ہرایا گیا لیکن اب 2018 میں ہم ایسا كوئی منصوبہ نہیں چلنے دیں گے، پارٹی كے جیالے، عہدیدار، خواتین، وكیل اور مزدور تنظیمیں آئندہ كے انتخابات میں ہر پولنگ اسٹیشن پر نگرانی كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں مصطفیٰ نوازكھوكھر نے اسلام آباد كے حلقے سے ایك لاكھ كے قریب ووٹ حاصل كیے لیكن پھر بھی انہیں ہرادیا گیا ، كیا كسی حلقے میں اڑھائی لاكھ سے زیادہ ووٹ كاسٹ كیے جاسكتے ہیں جب کہ اس طرح كی واردات بیسیوں حلقوں میں ہوئی۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ كاركن، عہدیدار اورٹكٹ ہولڈر بہادری سے اگلے انتخابات كی تیاری كریں ہمیں ہر حال میں یہ الیكشن جیتنا ہے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حلقے چکری میں آئندہ جلسے کا اعلان کیا۔