برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پولیس نے گذشتہ روز دہشت گرد حملے کے بعد 12 افراد کو گرفتار کیا ہے، اس حملے میں سات افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے تھے۔
یہ گرفتاریاں لندن کے مشرقی علاقے بارکنگ میں ہوئی ہیں جس کے بعد پولیس نے ایک حملہ آور کے فلیٹ پر چھاپہ بھی مارا ہے۔
خیال رہے کہ سنیچر کی رات دس بجے کے بعد لندن برج کے علاقے میں ایک سفید رنگ کی ویگن نے راہگیروں کو کچل دیا اور پھر وہ منڈیر سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے اس حملہ کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔
راہگیروں کو کچلنے کے بعد اس ویگن سے اترنے والے تین افراد نے پل کے جنوب میں واقع بورو مارکیٹ میں موجود لوگوں پر چاقو کے وار بھی کیے۔
برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ 10 بج کر آٹھ منٹ پر ملنے والی مدد کی پہلی کال کے آٹھ منٹ بعد مشتبہ افراد سے مدبھیڑ کے بعد پولیس اہلکاروں نے انھیں گولی مار دی تھی۔
برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہ ‘اب بہت ہوچکا ہے۔’
اتوار کی صبح بارکنگ کے علاقے میں جس فلیٹ پر چھاپہ مار کارروائی کی وہاں کنٹرولڈ دھماکے بھی کیے گئے۔
دوسری جانب عالمی رہنماؤں نے لندن میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت اور برطانیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
فرانس کے صدر ایمینوئل میکخواں نے کہا ہے کہ وہ ماضی سے بھی کہیں زیادہ برطانیہ کے ساتھ ہیں۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں چار فرانسیسی شہری شامل ہیں۔
ادھر آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرنبل نے کہا کہ ان کی دعائیں اور پختہ یکجہتی برطانیہ کے ساتھ ہے۔ اس حملے میں دو آسٹریلوی شہری بھی متاثر ہوئے ہیں جن میں سے ایک ہسپتال میں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ امریکہ برطانیہ کی ہر قسم کی مدد کرنے کے لیے اس کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ دو ہفتے قبل مانچسیٹر میں آریانا گریڈے کے ہی کنسرٹ کے اختتام پر بھی دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
یہ برطانیہ میں گذشتہ تین ماہ میں دہشت گردی کی تیسری کارروائی ہے اور ان میں سے دو کا ہدف لندن ہی تھا۔
مارچ میں لندن کے ویسٹ منسٹر برج پر اسی قسم کے حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ دو ہفتے قبل مانچیسٹر میں ایک کنسرٹ کے بعد ہونے والے خودکش دھماکے میں 22 افراد مارے گئے تھے۔
اب تک کیا ہوا؟
پولیس حکام کے مطابق ان حملوں میں سات افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے تین مشتبہ افراد کو بھی ہلاک کیا ہے جنھوں نے جعلی دھماکہ خیز جیکٹس پہنی ہوئی تھیں۔48 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جبکہ کئی معمولی زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ہی طبی امداد دی گئی۔لندن بریج سٹیشن کو رات بھر کے لیے بند کر دیا گیا۔تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔پولیس نے لندن کے علاقے بارکنگ سے 12 افراد کو گرفتار کیا ہے۔