برطانیہ حسین نواز کیخلاف قانونی مدد دے گا، نیب کی درخواست منظور
اسلام آباد:- معلوم ہوا ہے کہ برطانیہ کی وزارت داخلہ نے پاکستان کے قومی احتساب بیورو( نیب) کی حسین نواز شریف کے کیس میں قانونی معاونت فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔ دی نیوز کے پاس دستیاب دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ برطانوی حکام نے حسین نواز کا کیس پہلے ہی اپنی نیشنل کرائم ایجنسی کے حوالے کر دیا ہے تاکہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی درخواست کے مطابق باہمی قانونی معاونت کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔
نیب نے اسی طرح کی درخواست نواز شریف کے چھوٹے بیٹے حسن نواز کے معاملے میں بھی کر رکھی ہے تاہم برطانوی حکام نے تاحال اس درخواست کا جواب نہیں دیا جس کی وجہ بظاہر حسن نواز کی برطانوی شہریت ہو سکتی ہے۔ باخبر ذرائع نے اس نمائندے کے ساتھ دستاویزات کا تبادلہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے یہ مثبت رد عمل برطانیہ کی اہم ’’سرکاری‘‘ شخصیت کے دورہ پاکستان کے نتیجے میں سامنے آیا ہے، اس کا نیب کے ساتھ تعلق نہیں ہے۔ حسین نواز کے معاملے میں قانونی معاونت فراہم کرنے کی متعدد درخواستوں کے بعد، برطانوی وزارت داخلہ نے برطانیہ کی سینٹرل اتھارٹی کے کارمن سوبندے کے ذریعے وزارت خارجہ کے توسط سے جواب دیا ہے۔ برطانوی وزارت داخلہ کے خطوط قومی احتساب بیورو، شاہراہِ اتاترک، G-5/2 اسلام آباد کے مسٹر شہزاد جاوید خان کو لکھے گئے ہیں۔
ان خطوط میں برطانوی حکومت کی جانب سے بیورو کی درخواست قبول کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔ حسین نواز کے حوالے سے نیب کی جانب سے برطانیہ کی وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے جانے والے خط میں لکھا ہے کہ ’’معاونت کے حوالے سے آپ کی درخواست کا جائزہ لے کر UKCA نے وزیر خارجہ کے توسط سے اسے منظور کر لیا ہے اور یہ درخواست نیشنل کرائم ایجنسی کو مزید کارروائی کیلئے بھجوا دی گئی ہے۔‘‘ دی نیوز کے پاس برطانیہ کے محکمہ خارجہ کے ان چار خطوط کی نقول موجود ہیں جن پر 17؍ نومبر 2017ء کی تاریخ درج ہے۔ حوالہ نمبر جیسی معمولی تبدیلیوں کے سوا خط کا متن تقریباً ایک جیسا ہی ہے۔
برطانیہ کی جانب سے بھیجنے جانے والے خطوط کا عنوان ’’حسین نواز شریف کے معاملے میں قانونی معاونت کی فراہمی کی درخواست کا خط‘‘ ہے۔ خط کا اہم حصہ ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے: ’’اس معاملے میں، میں برطانیہ کی سینٹرل اتھارٹی (یو کے سی اے) کا نامزد کردہ ملازم ہوں۔ براہِ کرم اس کیس کے سلسلے میں ہونے والی تمام خط و کتابت میں مذکورہ بالا پیش کردہ حوالہ نمبر استعمال کریں۔ یو کے سی اے نے آپ کی درخواست کا جائزہ لے کر اسے وزیر خارجہ کے توسط سے منظور کر لیا ہے اور اسے کارروائی کیلئے نیشنل کرائم ایجنسی کو بھجوا دیا ہے۔
اگر آپ کو اس قانونی معاونت کی مزید ضرورت نہیں ہے تو ایسی صورت میں اگر آپ مجھے فوری اطلاع بھیجیں گے تو میں آپ کا مشکور رہوں گا تاکہ ایسی درخواست کو کیس بند کرانے کیلئے نیشنل کرائم ایجنسی کو بھیجا جا سکے۔ آپ کا مخلص ۔۔۔۔‘‘