بحریہ ٹاؤن پاکستان پراپرٹی ڈیلرز کی نمائش 2018 مئی میں فرینکفرٹ میں منعقد ہو گی
منور علی شاہد بیورو چیف نیوز وی او سی
فرینکفرٹ۔۔ پاکستان کی فلم ، صحافت اور کھیل کے سپرسٹارز فرینکفرٹ جرمنی کے ہلٹن سٹی سنٹر میں اکھٹے ہو رہے ہیں جہاں بحریہ ٹاؤن پاکستان کے زیر اہتمام سال رواں کی پراپرٹی ڈیلرز کی نمائش منعقد ہو گی۔پاکستان جرمن پریس کلب فرینکفرٹ کے صدر سلیم بٹ کی طرف سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق اگلے ماہ مئی کی پانچ اور چھ تاریخ کو ہلٹن سٹی سنٹر میں بحریہ ٹاؤن پاکستان پراپرٹی ڈیلرز کی نمائش 2018 کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کی فلم انڈسٹری، صحافت اور کھیل کے میدان سے تعلق رکھنے والے سپر سٹارز بھی شرکت کریں گے اور اس میں فرینکفرٹ اور اس کے گردو نواح میں مقیم پاکستانیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور اس میں داخلہ فری ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق شاہد قریشی صاحب کنٹری ہیڈ بحریہ ٹاؤن پاکستان مہمان خصوصی ہونگے۔ سپرسٹاروں میں منفرد طرز کے اینکر اور معروف تجزیہ نگار سہیل وڑائچ، عالمی شہرت یافتہ سابق تیز ترین فاسٹ باؤلر شعیب اختر، فلمی انڈسٹری کے معروف ہیرو جاوید شیخ کے علاوہ فلم سٹار ثناء ، ایکٹرس ردا انصاری اور باشا مکھرجی شامل ہیں۔ پروگرام کے آرگنائزر ،چیئرمین پاکستان ہاؤس جرمنی اور معروف سیاسی و سماجی راہنما راجہ انجم چوہان نے نمائندہ مشرق کو بتایا کہ یہ پروگرام بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی خصوصی ہدایت پر منعقد کیا جا رہا ہے اور جس میں بحریہ ٹاؤن کے حوالے سے فرینکفرٹ میں مقیم پاکستانیوں کو دستاویزی فلم کے ذریعے بحریہ ٹاؤن کے منصوبے کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا اور پراپرٹی کی مختلف پروڈیکٹس بارے بتایا جائے گا۔امید کی جاتی ہے کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد اس موقع سے فائدہ اٹھائے گی اور اپنے ملکی سپرسٹارز کی موجودگی سے بھرپور لطف اندوز ہوگی