باپ نے 13 سالہ بیٹی کو 70 سالہ بوڑھے کے ہاتھوں فروخت کر دیا۔
چوک اعظم (چوبارہ) چک نمبر 313 ٹی ڈی اے میں باپ نے 13 سالہ بیٹی کو 70 سالہ بوڑھے کے ہاتھوں فروخت کر دیا۔ چچا کی اطلاع پر پولیس چوبارہ نے بروقت کارروائی کر کے بچی کو بچالیا۔
تفصیلات کے مطابق غلام محمد نے اپنے سگے بھائی خان محمد اور 70 سالہ بوڑھے خادم حسین اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ چوبارہ میں درخواست دی کہ میرے بھائی نے اپنی 13 سالہ بیٹی کو سوا 4 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا ہے جبکہ خدا بخش نے معاملہ طے کرانے کا معاوضہ 25 ہزار روپے مقرر کیا ہے ، غلام محمد کی درخواست پر چوبارہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نکاح روک دیا۔
نکاح خواں نے بھی لڑکی کے کم عمر ہونے کی وجہ سے نکاح کا اندراج کرنے سے انکار کر دیا۔ خان محمد نے قبل ازیں اسی بیٹی کو اکبر نامی شخص کے ہاتھو ں سوا تین لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا اور رقم لینے کے باوجود رشتہ دینے سے انکار ہو گیا تھا جس کا معاملہ تھانہ چوبارہ میں پہنچا ، جس پر معززین علاقہ نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کرادیا تھا۔