باسط علی جونیئر ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر
لاہور:جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر کو نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارت میں شیڈول سیریز کے لئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے انتخاب کا بھی ٹاسک مل گیا۔
باسط علی عبوری چیف سلیکٹر کی حثیت سے غیر ملکی کوچ مارک کولس کے ہمراہ قومی خواتین ٹیم کو منتخب کریں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں انگلینڈ میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ صبیح اظہر سمیت چیف سلیکٹر محمد الیاس کو بھی عہدوں سے فارغ کردیا گیا تھا۔ پاکستان ویمنز ٹیم کو اب رواں ماہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف یو اے ای میں ایک روزہ اور ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز میں حصہ لینا ہے، کیویز کے خلاف تیاریوں کے لئے ابتدائی طور پر 29 کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا جنہوں نے کنٹری کلب مرید کے میں تیاریوں کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا ہے۔
عبوری ہیڈ کوچ باسط علی جونیئر سلیکشن کمیٹی اور غیر ملکی کوچ مارک کولس کے ساتھ مل کر حتمی اسکواڈ کو تشکیل دیں گے۔ واضح رہے کہ باسط علی اس سے پہلے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔