بارباڈوس ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو شکست
بارباڈوس: ویسٹ انڈیز نے بارباڈوس ٹیسٹ میں پاکستان کو 106 رنز سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
بارباڈوس میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں ہدف کے تعاقب میں گرین کیپس کا مایوس کن آغاز رہا اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اوپننگ بلے باز اظہرعلی 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بابراعظم پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بغیر کوئی رنز بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر احمد شہزاد اور یونس خان نے 16 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 27 تک پہنچایا تو یونس خان بھی 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے جب کہ وکٹ پر کھڑے رہنے والے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد 61 گیندوں پر 14 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز شاداب خان بھی ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آٹھویں وکٹ پر سرفراز احمد اور محمد عامر نے دفاعی حکمت عملی کے بجائے جارحانہ انداز اپنایا اور42 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 78 تک پہنچایا تو محمد عامر 20 رنز بنا کر شینن گیبرئیل کا شکار بن گئے جس کے بعد یاسر شاہ صفر اور سرفراز احمد 23 رنز بنا کر چلتے بنے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبرئیل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، کپتان جیسن ہولڈر نے 3 اور الزیری جوزیف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ویسٹ انڈین بولر شینن گیبرئیل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 312 اور دوسری میں 268 رنز بنائے جب کہ مصباح الیون نے پہلی اننگز میں 393 جب کہ دوسری اننگز میں پوری ٹیم صرف 81 رنز بناسکی۔