ای سی او کا سربراہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا
اقتصادی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا جس کی صدارت وزیر اعظم نواز شریف کر رہے ہیں -وزیراعظم نے کہا ہے ای سی او ایک نئے اقتصادی بلاک کی تشکیل عمل میں لائے گی،ترکی ، ایران ، تاجکستان ، آذر بائیجان کے صدور اور کرغیزستان کے وزیراعظم اسلام آباد پہنچ گئے ۔صدر ممنون حسین نے ای سی او کے رکن ممالک کے رہنماؤں کےاعزاز میں عشائیہ دیا۔
ااسلام آباد میں ہونے والے تیرہویں ای سی او سربراہ اجلاس شروع ہو گیا – سربراہ اجلاس کے وینیو اور اطراف کی شاہراؤں، سڑکوں اور سبزہ زاروں کو ای سی او ممالک کے پرچموں اور سربراہان کی تصاویر سے سجایا گیا ہے۔
اجلاس میں شرکت کیلئے ایران کے صدر حسن روحانی، ترکی کے صدر طیب اردوان، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اور آزر بائیجان کے صدر الہام علی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
نور خان ایئر بیس پر معزز مہمانوں کا استقبال قومی ترانوں، فوجی دستوں کی سلامی اور پھولوں کے گل دستوں سے کیا گیا۔
سربراہ اجلاس میں پاکستان، ایران، ترکی ، افغانستان، آذربائیجان، ترکمانستان، کرغزستان، قازقستان اور تاجکستان کے پانچ صدور اور تین وزرائے اعظم شرکت کر رہے ہیں۔
ازبکستان کی نمائندگی ڈپٹی وزیر اعظم جبکہ افغانستان کی نمائندگی پاکستان میں افغانستان کے سفیر کریں گے۔ چین، اقوام متحدہ اور او آئی سی مبصرین کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔
کونیکٹیوٹی فار پروسپیریٹی کے تھیم پر مشتمل سربراہ اجلاس میں ای سی او ویژن 2025 اور اعلان اسلام آباد کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر اعظم نواز شریف کے طرف سے شرکاء کے اعزاز میں ری ٹریٹ ہو گی، اس موقع پر باہمی ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے تیرہواں سربراہ اجلاس کے تھیم کے حوالے سے سی پیک خصوصی توجہ کا مرکز ہو گا۔