ایک ہی صف میں کھڑئے ہونے والے ہیں فاروق و کمال
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے واضح کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا مستقبل اب فاروق ستار کے ہاتھ میں ہے اور وہی فیصلہ کرسکتے ہیں کہ انہیں کس کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے۔ایک انٹرویومیں شیخ رشید احمد نے کہا کہ امکان ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے بانی مصطفیٰ کمال آنے والے مہینوں میں ایک ہوجائیں اور اگر ایسا نہ بھی ہوا تو کراچی کی سیاست میں اس وقت تین گروپس موجود رہیں گے، جن میں متحدہ لندن بھی شامل ہے۔تاہم انھوں نے متحدہ پاکستان اور پی ایس پی کے ممکنہ انضمام کے بعد سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشریف کی جانب سے قیادت سنبھالنے کے تاثر کو غلط قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ فاروق ستار اور مصطفی کمال کبھی بھی پرویز مشرف کو اپنی جماعت کی قیادت نہیں سونپیں گے، لہذا کسی کو اس غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں اصل مسئلہ فاروق ستار کے ساتھ ہوگا جنہیں سمت کا تعین کرنا ہوگاکیونکہ ابھی تک تو امتحان کا وقت نہیں آیا، مگر توقع ہے کہ اسی سال کوئی اہم پیش رفت ہوجائے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کروانے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر نظر ڈالی جائے تو یہ میچ لاہور میں کروانا ایک بڑا خطرہ ہے ¾اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے خطروں سے کھیلنا پڑتا ہے۔انھوں نے کہا کہ میں نے 500 سو والا ٹکٹ لیا ہے اور میں چاہتا ہوں عام عوام کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھو گا۔