ایکسپورٹرز کیلئے تاریخی 180 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے –
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن )وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹرز کیلئے تاریخی 180 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جس میں سے 162 ارب روپے ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے ہیں ، حکومت صنعتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے جن کے حل اور ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے کوشاں ہے ، موجودہ حکومت نے گزشتہ آٹھ ماہ میں صنعتکاروں کے 50 ارب روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈ واپس کیے ہیں جو باقی رہ گئے ہیں وہ بھی بہت جلد ریفنڈ کر دیں گے ، صنعتکار اپنی ایکسپورٹ کو بڑھائیں تو یہ پیکیج 300 ارب روپے سے زائد کا بھی دیا جا سکتا ہے ۔ وہ جمعرات کو پانچویں فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کے اجلا س سے خطاب کر رہے تھے ، اجلاس میں سیکریٹری کامرس عظمت رانجھا ، سیکریٹری ٹیکسٹائل حسن اقبال، چیئرمین اپٹما عامر ریاض ، چیئرمین ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اعجاز کھوکھر، چیئرمین پاکستان ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن عرفان بھوانی ، چیئرمین پاکستان بیڈ شیٹس اظہر مجید،چیئرمین پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن عبد الحق، چیئرمین پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اجمل فاروق ، وائس چیئرمین پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی خالد عبد اﷲ، چیئرمین پاکستان جننگ ایسوسی ایشن مختار بلوچ اور دیگر تنظیموں کے نمائندہ افراد بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کے قیام کا مقصد ٹیکسٹائل سے متعلقہ فیکٹریوں کے مسائل کا حل اور حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کرانا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایکسپورٹرز کا دیرینہ مسئلہ بجلی اور گیس کی سستے داموں فراہمی ہے جس پر رواں سال 10 جنوری کو وزیراعظم پاکستان نے ایکسپورٹرز کیلئے 180 ارب روپے کا ٹیکسٹائل پیکیج دیا تھا تاکہ ایکسپورٹرز کے مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں ہرا سٹیک ہولڈر نے اپنے اپنے مسائل سے آگاہ کیا تاہم حکومت تمام اسٹیک ہولڈر زکے مسائل کو یکساں طور پر حل کرنا چاہتی ہے جس کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔