ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رانی حفصہ کنول نے فیصل تھیٹر کو سیل اور چوہدری تھیٹرکے دوسرے شو کو موقع پر روکتے ہوئے ڈرامے پر پابندی لگا دی گئی۔(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
گوجرانوالہ: 15اپریل2017
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رانی حفصہ کنول کی طرف سے تھیٹرز کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے‘ہفتہ کے روز انہوں نے فیصل تھیٹر اور چوہدری تھیٹر کا اچانک دورہ کیا اس دوران سکرپٹ سے ہٹ کر ڈرامہ پیش کرنے پر فیصل تھیٹر کو موقع پر ہی سیل کردیاگیا جبکہ چوہدری تھیٹرکے دوسرے شو کو موقع پر روکتے ہوئے ڈرامے پر پابندی لگا دی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رانی حفصہ کنول نے تھیٹرز انتظامیہ کو تنبیہ جاری کی کہ ڈرامہ سکرپٹ کے مطابق نہ ہونے تک ڈرامہ چلانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی ‘ انہوں نے کہا کہ تفریح کی آڑ میں غیر اخلاقی مکالمہ بازی اور بیہودگی کا مظاہرہ کرنے والے تھیٹر مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔تھیٹرز کی چیکنگ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عدنان شہزاد اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر حلیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دریں اثناء ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے سکرپٹ کے مطابق کھیل پیش کرنے کی یقین دہانی پر گذشتہ روز سیل کئے گئے راکسی تھیٹر کو ایس او پیز کے دائرے میں رہ کر کھیل پیش کرنے کی اجازت دے دی ہے۔