ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)مہر خالد احمد نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ہم سب کو قومی جذبے کے ساتھ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینا ہو گا
رحیم یار خان 29 نومبر 2017
(بیورو رپوٹ عثمان شاہد سے نیوز وائس آف کینیڈا)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)مہر خالد احمد نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ہم سب کو قومی جذبے کے ساتھ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینا ہو گاتاکہ جلد از جلد ارض پاک سے پولیو کا خاتمہ کر کے اپنے آنے والے نونہالوں کا صحت مند مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آغا توحید، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ریاست علی ،ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر مفکر میاں، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی ملک مختار احمد، فرقان تتلہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ مظہر رشید سمیت دیگر موجو دتھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مہر خالد احمد نے کہا کہ ہر پانچ سال سے کم عمر بچے کو ہمیشہ کے لئے معذوری سے بچانا ہماری مذہبی و قومی ذمہ داری ہے اور انسداد پولیو مہم میں تمام اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسی جذبے کو برقرا ررکھتے ہوئے انسداد پولیو کے لئے اقدامات کرنے ہیں۔سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی نے کہا کہ سابقہ پولیو مہم نہایت کامیاب رہی جس کا کریڈٹ ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کو جاتا ہے جنہوں نے ہائی رسک یونین کونسل میں جاکر اس مہم کا افتتاح کیا اور پولیو ٹیموں کے مورال میں اضافہ کیا جسے صوبہ بھر میں سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ڈپٹی کمشنرکی سربراہی میں سو فیصد اہداف کا حصو ل ممکن بنایا جائے گا۔ڈاکٹر آغا توحید نے آمدہ پولیو مہم اور اس کے لئے کئے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا جبکہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ نے پولیو کیسز کے حوالہ سے گلوبل صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے ضلع رحیم یار خان کی کارکردگی کو سراہا۔اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے دوران تعاون کرنے والے ادارے محکمہ تعلیم، زراعت، پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، موٹر وئے ، سوشل ویلفیئر سمیت دیگر کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔