پاکستان

ایون فیلڈ پراپرٹیزریفرنس کا فیصلہ پہلے اورجلد دینے کا عندیہ

احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کا فیصلہ پہلے اورجلد دینے کا عندیہ دے دیا، حتمی دلائل کے لیے فریقین کو طلب کرلیا ، خواجہ حارث نے عدالتی حکمت عملی کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا، کہا اگر آپ ایک ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہیں تو باقی 2 ریفرنسز دوسری عدالت میں منتقل کردیں پھر آپ کیس نہیں سن سکتے۔
لند ن فلیٹس کا اصل مالک کون؟ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی قسمت کا فیصلہ جلد ہوگا۔احتساب عدالت نےالعزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں واجد ضیاء پر جرح روک کر ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت پہلے مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا، نیب اور وکلا صفائی حتمی دلائل کے لیے طلب کرلئے گئے، وکیل صفائی خواجہ حارث نے عدالتی حکمت عملی کوچیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔خواجہ حارث نے کہا کہ اگر آپ ایک ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہیں تو دیگر 2 ریفرنسز دوسری عدالت میں منتقل کردیں پھر آپ کیس نہیں سن سکتے۔نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا تینوں ریفرنسز کے دلائل ایک ساتھ نہیں ہوسکتے ، وکیل صفائی نے پہلے گمراہ کیا اور اب تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، خواجہ حارث نے کہا آپ نے ہمیں بے وقوف بنایا ہے، 100 پیشیاں ہو چکی ہیں کبھی التوا نہیں مانگا ، لندن فلیٹس ریفرنس میں اپنا دفاع کھول کر سامنے رکھ دیا، ایک طرح کے ریفرنسز ہیں اور ان میں 60 فیصد بحث بھی مشترکا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ العزیزیہ ا سٹیل ملز ریفرنس میں واجد ضیاء پر کب جرح مکمل کر سکتے ہیں؟ خواجہ حارث نے کہا کہ کوشش کروں گا منگل کو کر لوں لیکن وعدہ نہیں کرسکتا، عدالت نے کہا ٹھیک ہے پھر یہ ریفرنس 11 جون تک ملتوی کر دیتے ہیں، منگل سے لندن فلیٹس ریفرنس میں نیب کی پراسیکیوشن ٹیم حتمی دلائل شروع کرے۔نیب کے بعد وکیل صفائی خواجہ حارث ریفرنس پر بحث کریں گے۔دوسری جانب احتساب عدالت میں ٹرائل کی مدت 9 جون کو ختم ہو رہی ہے ، جج محمد بشیر نے ٹرائل کی مدت میں توسیع کے لیے ایک بار سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button