ایون فیلڈ ضمنی ریفرنس: نیب تحقیقاتی رپورٹ، شریف خاندان بدعنوانی میں ملوث قرار
اسلام آبا د(نیوز وی او سی آن لائن) قومی احتساب بیورو(نیب ) نے ایون فیلڈ ضمنی ریفرنس کے حوالے سے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں شریف خاندان کو بدعنوانی میں ملوث قرار دے دیا ہے ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ، مریم نواز ، حسین نواز ، حسن نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدر کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئے ہیں ، ملزمان کو بار بار نوٹسز بھیجے گئے مگر وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں شریف خاندان کو بدعنوانی میں ملوث قرار دے دیا ہے جبکہ جعلی بیان حلفی دینے پر نیب نے طارق شفیع کیخلاف کارروائی کی بھی سفارش کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیلسن،نیسکال لمیٹڈ اور کومبر گروپ کی ٹرسٹ ڈکلیئریشن تحقیقات کا اہم جزو ہیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عوامی عہدہ رکھتے ہوئے ایون فیلڈ فیلٹس خریدے اور فلیٹس کی خریداری ان کی ظاہری آمدن سے مطابقت نہیں رکھتی،عدالت میں دی اسٹیٹمنٹس میں کہاحسین نواز2006سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹنس کے مالک ہیں، ایون فیلڈ عبوری ریفرنس دائر کرنے سے پہلے اور بعد میں ملزمان کو نوٹس جاری کیے اور نووٹس کے باوجود ملزمان تحقیقات میں شامل نہیں ہوئے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مریم نوازنے نو مبر2011میں ٹی وی انٹرویومیں کہالندن میں انکی کوئی جائیداد نہیں جبکہ برٹش ورجن آئی لینڈ نے مر یم نوازکے 2 آف شورکمپنیوں کے بینیفشل اونر ہونی کی تصدیق کی جبکہ شواہد کے مطابق مریم اور حسین نواز نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ عدالت میں دی اور ٹرسٹ ڈیڈ پرکیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بھی دستخط کیے۔
قومی احتساب بیور و (نیب) کی رپورٹ میں مبینہ جعلی بیان حلفی دینے پر طارق شفیع کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔