ایون فیلڈ ریفرنس، نوازشریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ،نیب پراسیکیوٹر نے اعتراضات اٹھا دیئے
اسلام آباد(نیعز وی او سی آن لائن)سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی ،مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر عدالت میں پیش ہوئے،سماعت کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ اس درخواست پر بعد میں بحث کریں گے۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مطفر نے نواز شریف اور مریم نواز کی عدم حاضری پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے ملزمان کہاں ہیں؟ وکیل صفائی نے ملزمان کے استثنیٰ کی درخواست بھی نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کی حاضری ہر صورت ہونی چاہئے تھی جس پر مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ آپ ہم سے نہیں عدالت سے پوچھیں، ہم نے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کروا دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس درخواست پر بعد میں بحث کریں گے۔