ایم کیو ایم لندن نے الیکشن 2018کےمشروط بائیکاٹ کا اعلان کردیا
لندن( نیوز وی او سی)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن 2018ء کے انتخابات کے مشروط بائیکاٹ کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہے کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ رائے کوقائد متحدہ کی توثیق کیلئے بھیج دیا گیا ہے اور توثیق کے بعد آئندہ الیکشن کے حوالہ سے ایم کیوایم کے فیصلے کا اعلان کردیاجائے گا۔ان خیالات کااظہار رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے پیر کو انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر سید قاسم علی رضا ، اراکین منظور احمد ، مصطفی عزیزآبادی اور سفیان یوسف بھی موجود تھے ۔ وڈیو بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرندیم احسان نے اے پی ایم ایس او اورایم کیوایم کے قیام کے اسباب، قیام پاکستان سے آج تک مہاجروں کے ساتھ ظلم وستم ،ناانصافیوں ، مختلف ادوار حکومت میں مہاجروں کے خلاف ریاستی آپریشن ، ان سیاسی ، معاشی ، تعلیمی اور جسمانی قتل عام ، مہاجروں کے ساتھ ، ریاستی اداروں، سیاسی ومذہبی جماعتوں ، عدالتوں اورمیڈیا کے متعصبانہ طرزعمل کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ 19، جون1992ء سے اب تک ایم کیوایم کے 22 ، ہزار کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیاجاچکا ہے ۔