ایم کیوایم کارکنان کو لندن سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، فاروق ستار
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ کارکنان کو لندن سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
ڈاکٹرفاروق ستار، میئرکراچی وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی اور دیگر افراد نے ملیرالفلاح میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے ایم کیوایم پاکستان کے وائس یوسی چیئرمین محمد راشد کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ اب مہاجر مقتول اور مہاجر قاتل کی سیاست ختم ہوجانی چاہیے ، ایم کیو ایم کے کارکنان کو لندن سے قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، مگر ہم عدم تشدد کی پالیسی پر کاربند ہیں ، ایک بار پھر شروع ہونے والا قتل و غارت گری کا سلسلہ کراچی کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہماری صفوں میں مقتول تو ملے گا لیکن قاتل نہیں، ریاست کی ذمہ دار ی ہے کہ ہمیں تحظ دیا جائے اور لندن سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں پر ایکشن لیا جائےاگر اس سلسلے کو نہ روکا گیا تو مشکلات پیدا ہوں گی،عوامی نمائندوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے تو امن کیسے قائم ہوگا۔
سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرفاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنان کے قتل کی بھی مذمت کی۔