ایم کیوایم لندن اور پاکستان کے ڈرامے کو اچھی طرح سمجھتا ہوں، مصطفیٰ کمال
کراچی(نیوز وی او سی آن لائن)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان کے ڈرامے کو اچھی طرح سمجھتا ہوں۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم کسی سے لڑنے نہیں آئے لیکن ایم کیوایم لندن یا پاکستان کے ڈرامے کو اچھی طرح سمجھتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں، جو کہہ رہے ہیں اس پر عمل درآمد کرتے بھی نظر آئیں گے، ہم سچی بات اور مثبت جدوجہد کر رہے ہیں اسی لئے عوام کا ریلا ہمارے ساتھ شامل ہورہا ہے، ایم کیوایم سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے 300 سے زائد ذمہ داران اور کارکنان نے ہمارے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے، کراچی کے عوام جس امید کے ساتھ آئے ہیں اسی کی جدوجہد کریں گے۔
سربراہ پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی اور صفائی ستھرائی چاہیئے لیکن شہر میں پانی کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے جبکہ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ تعفن کا سبب بن رہا ہے، ہم نے شہر کے مسائل کے حل لیے 30 دن کا الٹی میٹم دے رکھا ہے اور دن بھی گن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے میئرکو ہرحال میں اختیارات دیئے جانے چاہئیں، میئر کراچی ڈھائی کروڑ عوام کی نمائندگی کرتا ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ میئر اختیارات نہ مانگے، انہوں نے ڈھائی کروڑ افراد کے اختیارات سلب کررکھے ہیں، اگر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات لے لئے تو وہ خود تلملا اٹھیں گے۔