پاکستان

ایشین بلاک کی بحالی کیلئے بھارت کو پاکستان سے رابطہ جوڑنے کا مشورہ

لاہور: چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے ایشین بلاک کی بحالی کیلیے بھارت کوپاکستان سے رابطہ جوڑنے کا مشورہ دے دیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں ’ ایشین بلاک‘ کو دوبارہ فعال کرنے کیلیے پاکستان اور بھارت کے درمیان قریبی تعلقات ضروری ہیں، پی سی بی اس پر یقین رکھتا ہے کہ سیاست اور کھیلوں کو الگ رکھا جانا چاہیے، ہم ہمیشہ باہمی سیریز کی بات چیت کیلیے تیار ہیں، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ جب کبھی باہمی کرکٹ بحال ہوگی اب بھارت نہیں بلکہ پاکستان سیریز کی میزبانی کرے گا، ہماری دو سیریز بھارت کے ذمے ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے والے شہریارخان نے کہا کہ ایشین بلاک کو دوبارہ موثر بنانے کیلیے دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈ کو ایک دوسرے کی مدد درکار ہوگی۔
واضح رہے کہ کولمبو میں اجلاس کے دوران شہریار خان کی بھارتی بورڈ حکام سے باہمی کرکٹ کی بحالی پر کوئی ون ٹو ون ملاقات نہیں ہوئی، انھوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جب پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈز مل کر کام کرتے رہے تو اس سے ایشیائی ملکوں نے آئی سی سی میں بہتر کردار ادا کیا، ہم نے مشترکہ طور پر برصغیر اور جنوبی ایشیا میں ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعزاز پایا اور کرکٹ براڈکاسٹنگ سے زیادہ منافع جمع کیا، البتہ پاک، بھارت حالیہ کشیدہ تعلقات ایشین بلاک کو کمزور کرنے کا سبب بنے ہیں، اس کی بحالی کیلیے سب سے پہلے بھارت کو پاکستان سے باہمی سطح پر کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔
ماضی میں دونوں ممالک نے ایشین بلاک کی قیادت کی تھی جس میں ان کا تعاون اور مشترکہ منصوبہ بندی شامل رہی تھی، شہریارخان نے یہ تسلیم کیا کہ بگ تھری کا گورننس اور ریونیوتقسیم کا تصور حالیہ برسوں میں اپنی قوت کھوچکا ہے،انھوں نے امید ظاہر کی کہ اے سی سی تمام بورڈ ممبران کے تعاون سے 2018 میں ورلڈ کلاس ایشیا کپ منعقد کرانے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button