ایشوریا رائے ہالی ووڈ پروڈیوسر کی درندگی کا شکار ہونے سے بچ گئیں
ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے کی سابق مینجر سیمون شیفیلڈ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹین نے ہالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں کے ساتھ ایشوریا رائے کو بھی اپنی درندگی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی تاہم ایشوریا ہاروی کا شکار ہونے سے بچ گئیں۔
گزشتہ کئی روز سے ہالی ووڈ پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹین اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے حوالے سے شہ سرخیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں، ہاروی پرکئی اداکاراؤں نے ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں جن میں ہالی ووڈ کی صف اول کی اداکارائیں انجلینا جولی، گیونتھ پالٹرو اور جینیفر لورینس بھی شامل ہیں۔ جولی کا کہنا ہے کہ کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں ہاروی نےانہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا اور ان کا ہاروی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت برا رہا تھا۔
ہاروی پر جنسی حملے کے الزامات عائد کرنے والی کئی خواتین اس وقت اپنے کیرئیر کے ابتدائی دور میں ہونے کے ساتھ کم عمر بھی تھیں لہٰذا وہ پروڈیوسر کے اس غیر اخلاقی اقدام کے خلاف آواز نہ اٹھا سکیں۔ ہاروی کی حرکتیں صرف ہالی ووڈ تک محدود نہیں رہیں بلکہ ان کی درندگی بالی ووڈ تک بھی پہنچ چکی ہے۔ انہوں نےسابق ملکہ حسن اور نامور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے کو بھی نہ بخشا۔
ایشوریا کی سابق انٹرنیشنل ٹیلنٹ مینجر سیمون شیفیلڈکا کہنا ہے کہ ہاروی ایشوریا رائے کو بھی اپنی درندگی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے اور اسی مقصد سے انہوں نے کئی بار ایشوریا سے تنہائی میں ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی ، میں اور ایشوریا جب ہاروی سے ملاقات کرنے ان کے آفس جاتے تھے تو ہاروی نے کئی بار کوشش کی کہ میں آفس سے باہر چلی جاؤں لیکن میں نے ایسی نوبت ہی نہیں آنے دی اور ایشوریا کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا،بعد ازاں ہاروی نے مجھے کئی بار دھمکانے کی کوشش بھی کی اور کہا کہ وہ مجھے بزنس کرنے نہیں دیں گے۔
سیمون شیفیلڈ نے ہالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بغیر کسی خوف کے سچ سب کے سامنے لائیں کیونکہ اس طرح باقی خواتین ہاروی کی درندگی سے محفوظ رہ سکتی ہیں ۔ سیمون کےانکشافات میں کتنی سچائی ہے اس بارے میں فی الحال ایشوریا رائے کاکوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ سیمون شیفیلڈ کیلیفورنیا کی انٹرٹینمنٹ کمپنی کینون انٹرٹینمنٹ کی بانی ہیں اور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائےا ور بپاشا باسو کی مینجر رہ چکی ہیں ، ایشوریا رائے کے ساتھ 9 برس کام کرنے کے بعد 2011 میں دونوں نے اپنے راستے جدا کرلیے تھے۔