ایشوریا اور ابھیشک کی علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں
ایک بھارتی شوبز ویب سائٹ نے ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن کی جلد علیحدگی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بھارتی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشوریا کی نئی فلم ‘اے دل ہے مشکل’ میں ان کے نہایت بولڈ سین نے سارے خاندان کو اپ سیٹ کر دیا ہے۔
لاہور: (نیٹ نیوز) ذرائع کے مطابق، جیا بچن نے ابھیشک کو ایشوریا کو طلاق دینے پر بڑی حد تک آمادہ کر لیا ہے۔ تاہم امیتابھ ابھی پوری طرح رضامند نہیں ہوئے۔ ایشوریا کی جانب سے معاملے کو رفع دفع کرانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں فلمی دنیا کے بعض سینئر ہدایتکاروں کی بھی خدمات حاصل کی ہیں جو ان کی خوشدامن جیا بچن کو سمجھانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
تاہم جیا بچن بضد ہیں کہ انہیں ایشوریا اور رنبیر کی فلم کے سبب جس ہذیمت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس کے بعد ان کے بیٹے اور بہو میں طلاق سے ہونے والی بدنامی ان کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ بھارتی ویب سائٹ کے مطابق، اگر ایشوریا کے ہمدرد جیا بچن کو رام کرنے میں ناکام رہے تو آئندہ ماہ کے اختتام تک ایشوریا اور ابھیشک کی راہیں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جدا ہو جائیں گی۔