ایران پر یکطرفہ پابندیاں محض بے فائدہ مشق ہے ، روس
نیویارک (این این آئی) روس نے تہران پر یکطرفہ پابندیوں کو بے فائدہ مشق قراردیدیا ۔ ہفتہ کو ایران نے دو ہزار کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ایران پر امریکا کی جانب سے مزید یکطرفہ پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، یہ اقدام کس طرح غلط ہوتا ہے ، اس کا اندازہ امریکا کو 50 سال قبل کیوبا کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں سے ہونا چاہئے ، اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران کے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشیدگی بھڑکانے کے مترادف قرار دیا ہے ، دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے میزائل تجربے کے حوالے سے ایٹمی معاہدے کے مستقبل پر شبہات کا اظہار کیا ہے ، سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے تجربے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔