ایران سے تجارت،یورپی ممالک نے امریکا کو خط لکھ دیا
ایران پر ممکنہ امریکی پابندیوں کے معاملے پر فرانس،جرمنی اور برطانیہ یورپی کمپنیوں کے استثنیٰ کے حامی بن گئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس ،جرمنی اور برطانیہ نے امریکا سے درخواست کی ہے کہ وہ تہران پر پابندیوں سے یورپی کمپنیوں کو مستثنیٰ دیں۔
خبرایجنسی کے مطابق تینوں یورپی ممالک نے اس حوالے سے امریکی وزارت خارجہ اور وزارت خزانہ کو خطوط لکھے ہیں۔
خط میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ بطور اتحاد امریکا یورپی سلامتی مفاد کو ٹھیس نہیں پہنچائےگا اور یورپی کمپنیاں ایران سے اپنا کارروبار جاری رکھ سکیں گی۔
واضح رہے 2015 کے جوہری معاہدے کے بعد ایران پر سے پابندیوں کے خاتمے پر کئی یورپی کمپنیوں نے ایران میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے ۔
اب امریکا کے جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے بعد ایران پر دوبارہ امریکی پابندیاں لگائے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔