ایران دہشت گردوں کی مدد کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے :امریکی وزیر خارجہ

ٹوکیو(نیوز وی او سی آن لائن)امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ایران کو دہشت گردی میں معاونت کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک قرار دیدیا،واشنگٹن اور دنیا ایران کے اقدامات کو نظر انداز نہیں کر سکتے ،ٹرمپ حکومت مشرق وسطی میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فوری طور پر مشرقی وسطیٰ میں ایران کے ’’غیر معقول رویے‘‘ کے ردعمل میں فوجیوں کی تعداد میں اضافے پر غور نہیں کر رہا تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ واشنگٹن اور دنیا ایران کے اقدامات کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ ایران دنیا میں دہشت گردی کو فروغ اور معاونت دینے والا سب سے بڑا ملک ہے، ایران کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرے کے باعث واشنگٹن حکومت مشرق وسطی میں مزید فورسز بھیجنے کی اہلیت رکھتی ہے لیکن ہم امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔واضح رہے کہ امریکہ نے گزشتہ روز ہی ایران کے 13 شہریوں اور درجن بھر کمپنیوں کو نئی پابندیوں کا نشانہ بنایا تھااور اس اقدام کی وجہ تہران حکومت کا حالیہ بیلسٹک میزائل تجربہ اور اس کی دیگر سرگرمیاں بتائی گئی ہیں۔
دوسری طرف ’’وائٹ ہاؤس ‘‘ کے پریس سیکرٹری شان سپائسر نے بھی ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ ایران کو پابند کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر وہ کام کریں گے جو وہ کرسکتے ہیں،وہ ایران کے خلاف سخت اقدامات کو جاری رکھیں گے جو کہ گزشتہ 8 سالوں کے دوران نہیں اٹھائے گئے۔امریکہ کے بدلتے ہوئے تیور ، اقتصادی پابندیوں اور دھمکی آمیز لہجے کے جواب میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ’’جوابی حملہ ‘‘ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران ان دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا کیونکہ ہمارے عوام ہماری سلامتی کے ضامن ہیں،ہم کبھی بھی جنگ شروع نہیں کریں گے لیکن ہم دفاع کے لیے اپنے وسائل پر انحصار کریں گے۔