Draft

ایرانی ماڈل اداکارہ مندانہ کریمی پاکستانی فلم ’’مان جائو نہ ‘‘ میں کاسٹ-

کراچی ( نیوز وی او سی آن لائن)بھارتی فنکاروں کے بعد پاکستانی پروڈیوسرز نے فلموں اور ڈراموں کیلئے ایرانی اور ترکی کے فنکاروں سے رابطے شروع کردیئے ۔ کئی ہدایتکاروں نے زیر تکمیل فلموں کیلئے ترکی اور ایرانی فنکاروں کو کاسٹ کرکے خفیہ طور پر کام شروع کردیا ہے ۔ ہدایتکار خالد خان نے گزشتہ برس اپنی زیر تکمیل فلم ’’زہر عشق ‘‘ کی عکسبند ی ترکی کے شہر استنبول میں کی تو پاکستانی فنکاروں کیساتھ ترکی کے فنکاروں کو بھی فلم میں کام کے مواقع دیئے تاہم اب ٹی وی ڈراموں کے باصلاحیت ہدایتکار عابس رضا نے بھی پروڈیوسر محمد خالد بھٹی کی فلم ’’مان جائو نہ‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ پاکستانی فنکاروں کیساتھ ساتھ انہوں نے ایرانی ماڈل و اداکارہ مندانہ کریمی کو مذکورہ فلم میں کاسٹ کیا ہے اورخفیہ طور پر ان کا کام فلمائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں،مندانہ کریمی ایرانی اور بین الاقوامی کمرشل کرنے کے بعد 2015 میں تین ماہ کے معاہدے پر ممبئی ایک پراڈکٹ کی ماڈلنگ کیلئے آئیں لیکن اب تک ممبئی میں ہی سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں وہ اپنے ہندو بوائے فرینڈ گروور گپتا کیساتھ شادی کرچکی ہیں، انہوں نے ٹی وی شو بگ باس سیزن 9 میں حصہ بھی لیا اورٹاپ تھری میں شامل رہیں جبکہ بھارتی فنکاروں شاہ رخ خان، سیف علی خان، ارجن کپور ، کرینہ کپور، شاہد کپور و دیگر کیساتھ کئی ٹی وی کمرشلز کرچکی ہیں۔مندانہ نے بھارتی فلم ’’رائے ‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ گزشتہ برس ان کی بطور سولو ہیروئین فلم ’’ کیا کول ہیں ہم3‘‘ ریلیز ہوئی جبکہ دیگر فلموں میں بھاگ جونی ، میں اور چارلس شامل ہیں ۔ 28 سالہ مندانہ کریمی کا تعلق ایران کے اسلامی گھرانے سے ہونے کے باوجود انہوں نے پہلی سروس بطور ایئر ہوسٹس کی بعدازاں وہ بین الاقوامی سطح پر ماڈلنگ کے شعبے میں آگئیں ۔ ہدایتکار عابس رضا نے پاکستانی فلم ’’مان جائو نہ ‘‘ کی شوٹنگ شروع کردی ہے ۔ اسے فلم کریو موشن پکچرز کے تحت بنایا جارہا ہے جس کی کہانی عاصمہ نبیل اور احسن رضا نے مشترکہ طورپر لکھی ہے ۔ فلم کے فنکاروں میں عدیل چودھری ، حاجرہ یامین ، ایاز سموں ، اسماعباس، غناعلی کے علاوہ ٹی وی و فلم کے اداکار آصف رضا میر بھی شامل ہیں ۔ آصف رضا میر طویل عرصے بعد فیچر فلم میں نظر آئینگے ۔ذرائع نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد پاکستانی ٹی وی اور فلم پروڈیوسرز نے بھارتی فنکاروں کو کاسٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے پر ان فنکاروں کو پاکستانی فلموں کی شوٹنگ کیلئے مد عو کریں گے جبکہ ایرانی و ترکی کے فنکاروں کو بھی لائن اپ کرنے میں مصروف ہیں ۔ان میں ان کی ترجیحات میں مسلم فنکار شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button