انٹرنیشنل

اڑی حملہ: بھارت کے ریٹائرڈ فوجی پاکستان سے فوری بدلہ لینے کے حامی

نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر کے علاقے اڑی میں بھارتی فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملے میں متعدد فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی وزیر اعظم مودی کی جانب سے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو سزا دینے کے دعویٰ کے بعد بھارت کے آپشنز کے بارے میں چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں۔ بھارتی اخبار ” دی انڈین ٹائمز “ کے مطابق ان آپشنز میں ایک یہ ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر سرجیکل سٹرائیک کیا جائے۔ دوسری طرف تجزیہ نگاروں نے اس آپشن کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ اس صورت میں نتائج انتہائی خوفناک ہوں گے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس آپشن کے بارے میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔ اگرچہ اس بارے میں جموں و کشمیر میں بی جے پی کے رہنما رام مادیو نے کہا ہے کہ اب تحمل کی پالیسی کو ترک کر کے ” ایک دانت کے بدلے پورا جبڑا“ کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور کچھ ریٹائرڈ فوجی جرنیلوں نے بھی اس واقعہ کا فوری جواب دینے کی حمایت کی ہے۔ اس کے لئے آرمی ایکشن بھی کیا جا سکتا ہے۔ ایک ریٹائرڈ فوجی افسر نے کہا ہے کہ ہمیں فوجی آپشن کا استعمال کرنا چاہئے۔ جب تک پاکستان پر حملہ نہیں کیا جائے گا ایسے واقعات ہوتے رہیں گے۔ اگر ہم اسی طرح خاموش رہے تو پاکستان ایسے واقعات کراتا رہے گا۔ ایک ریٹائرڈ افسر نے الزام لگایا کہ کشمیر میں جو بھی مسائل ہیں ان کے پیچھے راولپنڈی میں موجود پاکستانی فوج کا ہیڈ کوارٹر ہے۔ ہمیں اس کا فوری جواب دینا چاہئے۔ پاکستان کے ساتھ تجارت کو مکمل ختم کیا جائے۔ اس بارے میں دنیا کو بھی بتانا ہو گا کہ ہم بہت سنجیدہ ہیں۔ بھارت کے سابق آرمی چیف شنکر رائے چودھری اور بریگیڈیئر (ر) انیل گپتا نے بھی کہا ہے کہ پاکستان تمام صورتحال کا ذمہ دار ہے اور بھارت کو اس کا فوری جواب دینا چاہئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button