شہر شہرلاہور

اپنے صوبوں میں کچھ نہ کرسکنے والوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے،شہباز شریف

لاہور( نمائندہ نیوز وی او سی)صدر مسلم لیگ ن ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے 100 بستروں پر مشتمل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ کا افتتاح کر دیا۔ اس ہسپتال کی تعمیر پر 55 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے بننے والے اس ہسپتال میں 24 گھنٹے معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، اس کی تعمیر سے علاقے کے عوام کو علاج معالجے کی جدید اور معیاری سہولتیں میسر آئیں گی۔ شہبازشریف نے ہسپتال کاہنہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے صوبوں میں کچھ نہ کر سکنے والوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے،تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی ایک ہی چٹوکے وٹے ہیں اوردن رات جھوٹ بول رہے ہیں،قو م نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ملک کے معماروں کیساتھ ہیں یا ملک کو برباد کرنے والوں کے۔انہوں نے کہا کہ میں کاہنہ میں عظیم ہسپتال کے افتتاح پر عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اگرچہ یہ ہسپتال 100 بستروں پر مشتمل ہے لیکن اسے عظیم ہسپتال اس لئے سمجھتا ہوں کہ یہاں وہی طبی سہولتیں مل رہی ہیں جو پاکستان سمیت دنیا کے بہترین ہسپتالوں میں دستیاب ہیں۔ اس ہسپتال میں بہترین لیب، جدید مشینری، بہترین اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ڈاکٹرز، میڈیکل سٹاف اور انتظامیہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ
یہ ہسپتال اس لئے بھی عظیم ہے کہ یہاں ہڑتالیں نہیں ہوں گی، کوئی مریضوں سے بدتمیزی سے پیش نہیں آئے گا بلکہ غریب مریض کو وہی علاج ملے گا جو امیر کو مہنگے ہسپتالوں میں ملتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتالوں کا جال بچھا دیا ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ میو ہسپتال میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ سرجیکل ٹاور مکمل ہو چکا ہے جو مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کر رہا ہے۔ سروسز ہسپتال میں 300 بستروں پر مشتمل نیا بلاک بنایا گیا ہے۔ چلڈرن ہسپتال میں 600 بستروں پر مشتمل بچوں کے علاج کا ایک نیا شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ بنایا گیا ہے اور یہ منصوبہ 20 ارب روپے کی لاگت سے لگایا جا رہا ہے اور اس میں 1200 بستر ہوں گے۔ یہ ہسپتال گردے اور جگر کے امراض کے حوالے سے جنوبی ایشیا کا بہترین ہسپتال ہوگا۔ اس پائے کا ہسپتال ہندوستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں نہیں ہے۔ جنرل ہسپتال میں بھی 350بستروں پر مشتمل نیا شعبہ قائم کیا گیا ہے۔اسی طرح صوبائی دارالحکومت اوراس کے نواحی علاقوں میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 500بستروں کے 5 نئے ہسپتال بنائے گئے ہیں جن میں لدھڑ میں 100بستر، مناواں میں100 ، رائیونڈ میں100،سبزہ زار میں 100اورکاہنہ میں 100بستروں میں مشتمل ہسپتال شامل ہیں۔یہ وہ حقیر خدمت ہے جو ہم نے گزشتہ پانچ سال کے دوران پنجاب کے عوام کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور نیازی نےملک کو تباہ و برباد کیا ،اب قوم کا فرض ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے ان سے بدلا لیں۔ وزیراعلیٰ نے عمران خان کو یوٹرن خان، جھوٹے خان او رالزام خان کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کے پی کی حالت کیا بدلنی تھی، 5 سال کے دوران پشاور میں ایک ہسپتال بھی نہیں بنایا گیا۔دوسری طرف آصف علی زرداری ہیں جنہوں نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا ہے،ہر طرف گندگی اور غلاظت کے ڈھیر ہیں ۔کے پی کو برباد کرنیوالوں نے صوبے میں احتساب کا ادارہ بنایا اوراس پر 70کروڑ روپے خرچ کیے لیکن آج تک کسی ایک کو بھی کرپشن پر سزا نہ دی۔ہم نے احتساب کا ادارہ تو نہیں بنایا لیکن جہاں کرپشن نظر آئی وہاں سخت ایکشن لیااورقوم کے اربوں روپے بچائے ۔انہوں نے کہا کہ نیب اوردیگر ادارے پنجاب میں متحرک ہیں ۔اگر میری ذات کیخلاف ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے توآپ کا ہاتھ اورمیرا گریبان ہوگا۔کرپشن کو تحفظ دینا قومی جرم ہے کیونکہ وسائل قوم کی امانت ہیں ۔کرپشن کرنے والوں کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دھرنوں ،احتجاج اورتخریبی سیاست کے ذریعے ملک کا نقصان کیا اور کے پی کابیڑہ غرق کیا۔زرداری نے بھی سندھ اورکراچی کی بربادی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔وزیر اعلیٰ نے کا افتتاح کرنے کے بعد ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا،مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے فلٹر کلینک کا بھی دورہ کیا اور وہاں مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پنجابی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایہہ ہسپتال تہاڈے لئی بنایا گیا اے تے ایتھے ہر طرح دی طبی سہولت موجود اے‘‘۔وہاں موجود خواتین مریضوں نے وزیراعلیٰ کو ڈھیروں دعائیں دیں اور کہا کہ ’’تسی بڑا سوہنا ہسپتال بنایا اے ،تے اسی سارے تہاڈے واسطے دعاواں کردے آں تے اللہ تعالیٰ تہانوں دکھی انسانیت دی خدمت دی مزید توفیق دیوے‘‘۔ وزیراعلیٰ نے ایک بزرگ مریض کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور کہا کہ ’’تسی فکر نہ کرو، تہاڈا ایتھے ہر طرح دا علاج مفت ہووے گا‘‘، جس پر بزرگ مریض نے وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف جب پنڈال پہنچے تو وہاں موجود لوگوں نے ’’وزیراعظم شہبازشریف ‘‘ اور ’’شیر آیا شیر آیا‘‘ کے واشگاف نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ کے خطاب کے دوران بھی ’’وزیراعظم شہبازشریف‘‘ کے نعرے لگتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی تعمیر پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان، انڈس نیٹ ورک کے ڈاکٹر عبدالباری، میاں محمد احسن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعمیرات و مواصلات میاں مشتاق اور دیگر متعلقہ حکام کی تعریف کی اور انہیں شاندار ہسپتال بنانے پر مبارکباد دی۔شہبازشریف سےلاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر انوارالحق پنوں کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قانون او رانصاف کی عملداری یقینی بنانے کیلئے وکلاء برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتاہے-انہوں نے کہاکہ معاشی و سماجی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے- وفد میں نائب صدر چوہدری نورسمند،سیکرٹری حسن اقبال وڑائچ،فنانس سیکرٹری حافظ اللہ یاراورسینئر وکیل اعظم نذیر تارڑ شامل تھے ۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،سیکرٹری قانون،سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اوراعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button