اورکزئی ایجنسی کے علاقہ سپین ٹل میں امریکی ڈرون حملہ
اورکزئی: 15جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈ)
اورکزئی ایجنسی کے علاقہ سپین ٹل میں امریکی ڈرون حملہ۔ حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر ابوبکر کو نشانہ بنایا گیا۔ کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک۔سرکاری افسران ڈرون حملے کا ملبہ ایک دوسرے کے علاقوں پر ڈالنے میں مصروف۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری زرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کے روز سحری کے وقت ضلع ہنگو تحصیل ٹل سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اورکزئی ایجنسی کے علاقہ سپین ٹل میں آمریکی ڈرون طیارے سے حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر ابوبکر کے ٹھکانے پر میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں کمانڈر ابوبکر ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ ٹھکانا مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔سرکاری زرائع کے مطابق آمریکی ڈرون طیارے سے دو میزائل داغے گئے ہیں جس نے حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر کے گھر کو نشانہ بنایا جبکہ علاقے کے لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ حملے کے بعد بھی آمریکی ڈرون طیارے سپین ٹل اور ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل پر پروازے کر رہے تھے۔ علاقہ سپین ٹل کے ساتھ تین ایجنسیوں ، کرم، شمالی وزیرستان ایجنسی سمیت ایک سیٹل ایریا ضلع ہنگو کا بارڈر بھی جڑا ہوا ہے تا ہم اس سلسلے میں ڈی ایس پی ٹل شوکت بخاری نے ہنگو کے حدود میں ڈرون حملے سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اورکزئی اور ہنگو کے سرحدی علاقہ لیول کلے میں ہوا ہے اور جہاں پر میزائل داغے گئے ہیں وہ علاقہ اورکزئی ایجنسی کے حدود میں آتا ہے جبکہ اورکزئی ایجنسی پولیٹیکل انتظامیہ ڈی ایس پی ٹل شوکت بخاری کی اس بات سے متفق نہیں ہے بلکہ پولیٹکل انتظامیہ اورکزئی نے سارہ ملبہ ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل پر ڈال دیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ یہ واقعہ تحصیل ٹل کے حدود میں پیش آیا ہے تا ہم وہاں پر موجود زرائع اور علاقہ عوام کا کہنا ہے کہ جس ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ علاقہ اورکزئی ایجنسی کے حدود میں آتا ہے اور ضلع ہنگو کا حدود وہاں سے کافی فاصلے پر ہے۔ یاد رہے کہ کچھ سال پہلے بھی امریکی ڈرون طیارے نے صبح کے وقت ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل شہر میں ایک مدرسے کو بھی نشانہ بنایا تھا۔