انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے ٹیکسوں میں کمی نہ کیے جانے پر انٹرنیٹ سروسز کی عدم فراہمی کی دھمکی دے دی
اسلام آباد
( بیورو رپوٹ پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے ٹیکسوں میں کمی نہ کیے جانے پر انٹرنیٹ سروسز کی عدم فراہمی کی دھمکی دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں نے حکومت سے حال ہی میں عائد کیے گئے ٹیکسوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اکتوبر کے ماہ میں انٹرنیٹ سروسز کی فراہم کیلئے استعمال ہونے والی آپٹیکل فائبر پر 20 فیصد اضافی ریگولیٹری ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔
اس ٹیکس کے نفاذ کے بعد انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس فیصلے سے حکومت انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کا کاروبار بند کروانا چاہتی ہے۔ اگر حکومت نے عائد کیا گیا نیا ٹیکس واپس نہ لیا تو وہ صارفین تک تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی فراہم کیلئے جاری منصوبوں کو بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔