انٹرنیشنل میچز کی بحالی پاکستان کیلئے یادگار موقع ہے ،ششانک منوہر
دبئی،نئی دہلی(اسپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور سابق سربراہ بھارتی کرکٹ بورڈ ششانک منوہر نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل میچز کی بحالی پاکستان کیلئے یادگار موقع ہے جبکہ سابق بھارتی کپتان محمد اظہرالدین کا کہنا تھا کہ اب پاکستانی کرکٹرز کیلئے جذبے سے بھرپور کرکٹ کھیلنا ضروری ہو گیا ہے ۔ ورلڈ الیون کیخلاف سیریز کے آغاز پر ششانک منوہر کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیائے کرکٹ کیلئے بھی یادگار ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ الیون کی میزبانی کر رہا ہے جس کی بدولت پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو اپنے ملک میں کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کا موقع ملے گا اور یہ ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کا دن ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون اور آئی سی سی آفیشلز کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرنے کے بعد وہ معیاری کرکٹ کیلئے پرامید ہیں جس سے پرجوش شائقین کرکٹ بھی لطف اندوز ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے رواں ہفتہ نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ دوسری جانب سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو شاندار اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کیلئے یہ ایک زبردست بات ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ پھر شروع ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کے سامنے جذبے سے بھرپور بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں۔