انسانی سمگلنگ کیس، سپریم کورٹ نے سیکرٹری داخلہ اور خارجہ فوری طلب کر لیا
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن) سپریم کورٹ نے انسانی سمگلنگ کیس کی سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ کو فوری طلب کرلیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے انسانی سمگلنگ کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ گوجرانوالہ میں انسانی اسمگلنگ کے بہت مسائل ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اداروں کے آپس میں معاونت کے مسائل ہیں۔
چیف جسٹس نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ کو فوری طور پر جبکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی طلب کرلیا۔
چیف جسٹس نے دوران سماعت کہا کہ گجرات، لالہ موسیٰ، سرائے عالمگیر اور منڈی بہاؤالدین میں انسانی سمگلنگ کا کام ہوتا ہے، لوگ کہاں کہاں سے پیسہ لے کر بچوں کو بیرون ملک بھیجتے ہیں لیکن اب انسانی سمگلنگ کا ناسور ختم کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کو حکم دیں گے کہ ایف آئی اے کو گوجرانوالہ اور گجرات آفس میں سہولیات دیں۔