انتہا پسندی کے خلاف رکن ممالک کے قوانین ایک جیسے ہونے چاہئیں، جولیان کنگ برسلز
برسلز (نیوز وی او سی) یورپی پارلیمان نے انسداد دہشت گردی کے نئے قانون کی منظوری دے دی، دہشت گردی کی تربیت، پرچار یا اس کی مالی مدد کرنا جرم کے زمرے میں آئے گا جبکہ یورپی کمشنر جولیان کنگ کا کہنا ہے کہ انتہا پسندی کے خلاف رکن ممالک کے قوانین ایک جیسے ہونا ضروری ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی پارلیمان نے انسداد دہشت گردی کا ایک نیا قانون منظور کر لیا ہے ۔ اس قانون کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک میں دہشت گردی کی تربیت اور بھرتی کے علاوہ دہشت گردی کا پرچار کرنا یا اس کی مالی مدد کرنا یا اس کے لیے سفر کرنا اب جرم کے زمرے میں آئے گا ۔ اس کے لیے ضروری نہیں ہے کہ کوئی شخص کسی ایسے ملک کا سفر کرے کہ جہاں جنگ و جدل جاری ہو بلکہ اگر اس مقصد کے لیے سفر یورپ کے اندر بھی کیا جائے تو بھی جرم ہو گا ۔ سلامتی کے امور کے یورپی کمشنر جولیان کنگ نے اس تناظر میں کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ تمام رکن ممالک میں دہشت گردی کے خلاف قوانین ایک جیسے ہوں اور ان پر ایک ہی طرح سے عمل درآمد کیا جائے ۔