امریکی کمپنی کا مسلم ملازمین کو نماز کا وقت دینے سے انکار
نیویارک: امریکا میں ایئرپورٹ پر سہولیات فراہم کرنے والی ایک کمپنی پر مسلمان ملازمین نے نماز کا وقفہ نہ دیتے ہوئے مذہبی آزادی سلب کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
یہ کمپنی جان ایف کینیڈی (جے ایف کے) ایئرپورٹ پر مسافروں کو وھیل چیئر فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کے خلاف درجنوں مسلمان ملازمین نے انسانی حقوق کمیشن میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے انہیں نماز کا وقفہ نہیں دیا جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ملازمین نے یہ بھی کہا ہے کہ گزشتہ رمضان جب انہوں نے نماز کی درخواست کی تھی تو اس وقت انہیں ہراساں کیا گیا تھا۔
جے ایف کے ایئرپورٹ پر کام کرنے والی اس کمپنی میں 250 افراد کام کرتے ہیں اور اگر مذہبی امتیاز ثابت ہوجاتا ہے تو کمپنی پر ڈھائی لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد ہوسکتا ہے تاہم کمپنی سے وابستہ ایک غیر مسلم ملازم نے ان الزامات کو غلط قرار دیا ہے۔
انسانی حقوق کمیشن کے ڈپٹی کمشنر ہولِس فِش کا کہنا ہے کہ ہم نیویارک شہر میں کسی بھی قسم کی مذہبی تفریق برداشت نہیں کریں گے، اگر مختلف مذہبی عقائد رکھنے والے ملازمین اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے کام کے دوران وقفے کا تقاضہ کرتے ہیں تو انہیں روکنا اور ہراساں نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ ان کا قانونی حق ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ شکایت گزشتہ ہفتے موصول ہوئی اور کمپنی سے 30 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے جب کہ کئی صحافتی اداروں کے اصرار کے باوجود کمپنی نے کوئی جواب نہیں دیا۔